مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیئرمین ناصر جعفر نے کراچی میں ملازمین کے احتجاج کے دوران دو افراد کی ہلاکتوں پر احتجاج کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ چیئرمین پی آئی اے نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو اپنا استعفیٰ بھجوا دے دیا ہے۔پیر کو نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر جعفر نے کہا کہ'آج کے بعد میرا ضمیر گوارہ نہیں کرتا کہ میں اس ادارے میں کام کروں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی آئی اے کی حمایت جاری رکھیں گے لیکن ادارے کے چیئرمین نہیں رہ سکتے.
ناصر جعفر نے کہا کہ جانی نقصان کے خدشے کے پیش نظر انہوں نے چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ کو متعدد بار سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ وہ احتجاج نہ کریں۔
پی آئی اے چیئرمین فائرنگ کے واقعے میں ملازمین کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ آج پی آئی اے کے لیے سیاہ دن ہے جب کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کہا تھا کہ خون کا ایک قطرہ بھی نہیں گرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فائرنگ کے واقعے کی مکمل تحقیقات کرے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی جانب سے کئی روز سے جاری احتجاج میں شدت آگئی جس میں آج ملازمین نے ریلی نکالی تاہم اس دوران پولیس اور رینجرز کی جانب سے شیلنگ کی گئی جب کہ اس واقعہ میں گولی لگنے سے پی آئی اے کے 3 ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
آپ کا تبصرہ